ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / شہر میں لڑکیوں کی جنسی ہراسانی کے واقعات بلاروک جاری,کبن پارک اور بانسواڑی کے تازہ واقعات سے پولیس کی نیند حرام

شہر میں لڑکیوں کی جنسی ہراسانی کے واقعات بلاروک جاری,کبن پارک اور بانسواڑی کے تازہ واقعات سے پولیس کی نیند حرام

Sat, 07 Jan 2017 23:05:01    S.O. News Service

بنگلور:7/جنوری(ایس او نیوز)سال نو کے موقع پر شہر کے برگیڈ روڈ اور ایم جی روڈ علاقوں میں لڑکیوں پر دست درازی اور جنسی ہراسانی کے واقعات کے بعد شہر میں اس طرح کے واقعات کا سلسلہ رکنے کانام نہیں لے رہا ہے۔ ایم جی روڈ کے بعد کمن ہلی میں اس طرح کی ہراسانی کا معاملہ پیش آیا تو اس کے فوراً بعد کل کے جی ہلی میں ایک برقعہ پوش لڑکی کو روک کر اسے ہراساں کرنے کا واقعہ سامنے آیا۔اب کبن پارک اور بانسواڑی علاقوں میں اس طرح کے واقعات رونما ہونے کی رپورٹوں کے بعد پولیس کی پریشانیوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔ان واقعات پر جہاں بڑے پیمانے پر نکتہ چینی کی جارہی ہے تو دوسری طرف پولیس ان میں ملوث افراد کی نشاندہی کرنے کیلئے مسلسل لگی ہوئی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ پیر کی شب ایک بین الاقوامی کمپنی میں کام کرنے والی لڑکی دفتر سے گھر لوٹ رہی تھی کہ پیچھے سے ایک لڑکے نے اسے لپیٹ لیا اور اسے ہراساں کرنے کی کوشش کی۔ کافی جدوجہد کے بعد اس لڑکی نے اپنے آپ کو چھڑالیا، اس سے پہلے کہ وہ شور مچاتی حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اٹھاکر فرار ہوگیا۔ فوری طور پر اس لڑکی نے ایک خاتون کانسٹبل کو اس کی اطلاع دی اور مدد مانگی،لیکن اس نے مدد کرنے سے انکار کردیا اور کہاکہ اس معاملہ سے اس کا کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ اس سے مایوس ہوکر اس لڑکی نے پولیس تھانہ میں شکایت درج کرانے کا فیصلہ کیا۔ ایک اور واقعہ کبن پارک میٹرو ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ چنا سوامی اسٹیڈیم کی طرف سے کوئنس روڈ کی طرف آگے بڑھ رہی لڑکی کو پیچھے سے ایک لڑکے نے لپک لیا اور اس کے ساتھ بدتمیزی کرکے فرار ہوگیا۔ فوری طور پر اس نے چیخ وپکار کی،لیکن حملہ آور اسے پلٹ کر دیکھے بغیر بھاگ گیا۔ بتایاجاتاہے کہ یہ واقعہ چنا سوامی اسٹیڈیم کے گیٹ نمبر 12اور14کے درمیان پیش آیا،حالانکہ اسٹیڈیم کیلئے متعین سیکورٹی ہمہ وقت وہاں موجود رہتی ہے اس کے باوجود بھی اس طرح کا واقعہ پیش آیا ہے۔بانسواڑی میں جم کیلئے نکلنے والی ایک لڑکی کے ساتھ بھی اسی طرح کی بدتمیزی کی گئی۔ بتایا جاتاہے کہ 4جنوری کی شب 9 بجے یہاں کی گولڈ جم جانے والی لڑکی کا تعاقب کرتے ہوئے شرپسندوں نے اس کا ٹی شرٹ اتارنے کی کوشش کی۔ جیسے ہی اس نے مدد کیلئے چیخ وپکار کی شرپسند فرار ہوگئے۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک معاملہ درج کرلیاہے۔ اڈیشنل کمشنر آف پولیس ہیمنت نمالکر نے بتایا کہ ان تمام واقعات کا پولیس نے کافی سخت نوٹس لیا ہے اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔


Share: